پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات پر بدستور بے یقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں، فوجی اور سویلین انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے بھی اس وقت دونوں صوبوں میں عام انتخابات کے انعقاد کی مخالفت سامنے آگئی ہے۔
گزشتہ روز الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں دونوں صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر غور کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے اجلاس کی صدارت کی، جس میں الیکشن کمیشن کے حکام اور دونوں صوبوں کے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور انسداد دہشت گردی کے محکموں (سی ٹی ڈی) کے نمائندوں نے شرکت کی۔
انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سی ٹی ڈی کے تمام نمائندوں نے متفقہ رائے دی کہ دہشت گردی کی تازہ لہر کی وجہ سے یہ انتخابات کے لیے مناسب وقت نہیں ہے، انٹیلی جنس رپورٹس بتارہی ہیں کہ دونوں صوبوں میں مزید حملوں کا خدشہ ہے۔