محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، 20 اپریل تک بادل جم کر برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں آج سے ملک میں داخل ہوں گی، اسلام آباد میں بعد از دوپہر تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کےبیشتر اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم خشک رہے گا، چترال، دیر، سوات، کرم اور خیبر میں شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے، بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، شام یا رات میں کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، مستونگ، قلات، نوشکی اور خاران میں گرج چمک آندھی اورتیز ہواوٗں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور رات میں بارش کا امکان ہے۔