محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ شہر میں سے آج مون سون کے بادل برسیں گے جبکہ شہر کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی سے کچھ فاصلے پر بادل بن چکے ہین جبکہ کیرتھر رینج میں بارش جاری ہے، بارش کا سلسلہ شہر کے مضافات میں رات تک پھیل سکتا ہے، صورتحال ایسی رہی تو مغربی اور شمالی علاقے بارش کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
چند روز قبل چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے 8 جولائی تک کراچی میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی تھی۔ علاوہ ازیں پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور بالائی علاقوں میں بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں 7 اور 9 جولائی کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، شہر میں معتدل اور درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے جبکہ سکھر، تھرپارکر، ٹھٹھہ و دیگر اضلاع میں تیز بارشیں ہو سکتی ہیں۔