وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کریں گے۔
چھ اگست کو حکومت نے اعلان کیا تھا کہ اسمبلیاں اپنی مقررہ مدت سے 3 روز قبل 9 اگست کو (آج) تحلیل کر دی جائیں گی، جس کے بعد انتخابات 90 روز کے اندر کرائے جائیں گے۔
گزشتہ روز راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مدت پوری ہونے پر میں بدھ کو (آج) قومی اسمبلی کی تحلیل کے لیے صدر پاکستان کو سمری بھیج دوں گا۔
میڈیا تنظیموں کے ساتھ ایک علیحدہ ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ اسمبلی کی تحلیل کے بعد انتخابات کے حوالے سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کا اختیار چیف الیکشن کمشنر کو دیا گیا ہے، تاہم تمام جماعتیں متفق ہیں کہ انتخابات جلد سے جلد کرائے جائیں۔
آج وزیراعظم وفاقی کابینہ کے آخری اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، جو اس وقت اسلام آباد میں جاری ہے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم کابینہ کے اراکین کو نگران حکومت کی تشکیل پر اعتماد میں لیں گے جس میں تمام اتحادی جماعتوں کی نمائندگی کا امکان ہے۔