راولپنڈی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، عالمی برادری پاکستان کی قربانیوں کا ادراک کرے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کے 38 طلبا کے وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے ملاقات میں علاقائی سکیورٹی اور فوج کے امن و استحکام کے کردار پر اظہارِ خیال کیا اور پاکستان میں موجود پوٹینشل پر گفتگو کی۔
جنرل عاصم منیر نے وفد کے شرکا کو پاکستان کے بہتر تشخص کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔
ملاقات میں آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم پر روشنی ڈالی اور اس کی جغرافیائی حیثیت بدلنے پر بھی اظہارِ خیال کیا۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے طلبا نے آرمی چیف سے تعمیری بات چیت پر شکریہ ادا کیا۔
دو روز قبل جنوبی وزیر ستان کے علاقے شیر ونگی کے دورے کے موقع پر جنرل عاصم منیر نے خطاب میں کہا تھا کہ شہدا ہمارا فخر ہیں اور وطن کیلیے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ دہشتگرد، سہولت کار اور ان کے ساتھی ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جن کا پیچھا کریں گے اور انہیں سرینڈر کرنا پڑے گا۔
اس سے قبل کاکول میں آزادی پریڈ سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا تھا کہ دنیا میں کوئی ایسی طاقت نہیں جو پاکستان کو ختم کر سکے، پاک فوج اور عوام ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ پاکستان کو خوشحال، مستحکم اور مضبوط ملک بنانا ہمارا مشن ہے، ہماری ترقی ہمارے اسلاف اور عوام کے خوابوں کی تعبیر ہوگی۔