مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی پاکستان کے لیے طلوع سحر ہے، پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر قوم اور وطن کو مشکلات سے نکالنے آرہا ہے۔
پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف قوم کو مہنگائی معاشی بدحالی اور لاقانونیت کی تکلیف سے نجات دلانے آرہا ہے۔ ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن، ترقی اور مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ عوام نواز شریف کو دو تہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں ملک کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لیے ختم کردیں گے۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
نوازشریف نے عوام سے کیے ہر وعدے کو پورا کیا 3 دفعہ عوام نے نوازشریف پر اعتماد کیا، انھیں وزیراعظم بنا کر خدمت کاموقع دیا۔ ہر غم سہہ کر بھی نوازشریف کی ترجیح آج بھی عوام ہیں ملک کی ترقی وخوشحالی ہے تاریخ گواہ ہے نوازشریف کو ہمیشہ بحرانوں، طوفانوں اور خساروں میں گھرا ملک ملا۔
مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ طوفانوں کا منہ پھیرا ہے، نئی امید دی ہے اور پاکستان اور عوام کو ریلیف دیا ہے۔ عوام چالبازوں، فراڈیوں جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں۔
انھوں نے کہا کہ یقین دلاتی ہوں پاکستان اور عوام کے اچھے دِن آنے والے ہیں، عوام انتخابات میں شیر پر نشان لگائیں۔
عوام نوازشریف کو واضح مینڈیٹ دیں، ہم مہنگائی میں واضح کمی کرکے دکھائیں گے واضح سوچ کے ساتھ اپنے ووٹ کی طاقت کے ساتھ فیصلہ کریں نوازشریف عوام کے معاشی دُکھ دور کردیں گے مہنگے بجلی بلوں سے نجات دلائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ 21 اکتوبر سیاسی و جمہوری تاریخ کا روشن باب بنے گا پاکستان کو ترقی کا گہوارہ بنانا ہے۔ ہم سب نے تاریخی جذبے سے کام کرنا ہے۔