نیویارک امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین میں روسی جارحیت رکوانے کی اپیل کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ دنیا میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور امریکی صدر اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہوں اور ہمیں عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دنیا کے ساتھ مل کر چلنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی تنازعات کے باعث ایک ارب کے قریب آبادی متاثر ہوئی ہے اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دنیا میں امن کی صورتحال کو بہتر بنانا ہو گا۔
جو بائیڈن نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے جبکہ دنیا میں اقوام متحدہ کے مختلف منصوبے امن سمیت مختلف شعبوں کی بہتری کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کا مستقبل آپ سب سے وابستہ ہے اور موجودہ مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں درکار ہیں۔