کیلیفورنیا انسٹاگرام نے تمام صارفین کے لیے ایک نیا آپشن متعارف کرا دیا جس میں ریلز کو باآسانی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انسٹاگرام صارف پہلے صرف اپنی ویڈیو ہی ڈاؤن لوڈ کر سکتا تھا لیکن اب کسی دوسرے کی ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے کاپی کر کے ڈاؤن لوڈنگ سافٹ ویئرز سے ڈاؤن لوڈ کرنا نہیں پڑے گا۔
اب صارفین کسی بھی ریلز کو دیکھنے کے بعد اسے مرضی کے مطابق آسانی سے ڈاؤن لوڈ بھی کر سکیں گے یعنی انہیں کسی دوسرے سافٹ ویئر کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انسٹاگرام کے براڈکاسٹ چینل پر اعلان کیا گیا کہ اب صارفین پبلک اکاؤنٹس کی جانب سے پوسٹ کی گئی ریلز کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، یہ فیچر جون میں صرف امریکہ میں متعارف کروایا گیا تھا تاہم اب یہ تمام ممالک کے صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
پبلک اکاؤنٹس کی جانب سے پوسٹ کی گئی ریلز کو اپنے کیمرہ رول میں ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں، آپ جو بھی ریلز ڈاؤن لوڈ کریں گے اس میں ریلز بنانے والے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا واٹر مارک بھی شامل ہو گا۔
سب سے پہلے اپنے انسٹاگرام ایپ کھولیں اور جس ریل کو آپ ڈاؤن لوڈ کرنا چاہتے ہیں اس پر کلک کریں، ریل پر ’شیئر‘ آئیکن پر کلک کریں اور ’ڈاؤن لوڈ‘ کے آپشن کو کلک کریں، ڈاؤن لوڈ کے آپشن پر کلک کرنے کے بعد مخصوص ریلز آپ کے فون پر محفوظ ہوجائے گی۔