پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے بلاول بھٹو کی سپورٹ اور تربیت کرنی ہے ہمیں جو آتا ہے بلاول کو منتقل کریں گے۔
کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے 56ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ میرے بیٹے نے پہلا نوجوان وزیر خارجہ بن کر ملک کی عزت بلند کی، بلاول بھٹو کو نوجوانوں کا لیڈر بنانا ہے اور اسے سپورٹ کرنا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ قوم کو لیڈر چلاتے ہیں، افسوس ہے قوم کو لیڈ کرنے والے کو پیچھے کھینچنے والی بہت سی قوتیں ہوتی ہیں، لیکن ہمیں ان قوتوں سے ڈر نہیں ہے ہمیں عوام سے امید ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کا ہر بندہ امیر، باشعور اور محنت کش ہے، میرے بچوں نے آپ کی دھرتی پر رہنا ہے اور یہاں بڑا ہونا ہے لہٰذا ہم سب نے پاکستان بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کہتے تھے عظیم ملک بنے گا ہم بنائیں گے، دنیا کے نقشے پر ہم عظیم ملک بن کر ابھریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرتے دم اور قبر تک میں آپ کو پیار کرتا رہوں گا۔
سابق صدر نے کہا کہ پاکستان میں ہر خوبی ہے اور بلوچستان پاکستان کا دل ہے لیکن افسوس یہ ہے اسلام آباد کو نظرنہیں آتا کہ دل بلوچستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو نظر آتا ہے بلوچستان پاکستان کا دل ہے اس لیے صوبے کا دل جیتنا بہت ضروری ہے، یہاں غم اور دکھ ہے جس پر مرہم رکھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان والوں کو اپنی ہر چیز کا مالک بنانا ہے، میں نے بلوچستان والوں کو پانی پہنچانا ہے، ہر چیز جو صوبے میں ہے وہ آپ کی ہے اور کسی کی نہیں، پاکستان کو بنانا ہے بلوچستان مضبوط کرنا ہے، ہمارے پاس فارمولے ہیں۔