لندن: برطانوی پارلیمان نے بھاری اکثریت سے یورپی یونین سے اخراج کا معاہدہ مسترد کردیا جب کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم ٹریزامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کردی گئی جس پر ووٹنگ آج ہوگی۔
برطانوی دارالعوام میں بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ ہوئی جس کے دوران 202 اراکین نے حق میں جب کہ 432 نے مخالفت میں ووٹ دیا، یہاں تک کہ کنزرویٹو پارٹی کے تقریباً 118 ارکان نے حزب مخالف کے ساتھ مل کر اس معاہدے کے خلاف ووٹ دیا۔
بریگزٹ معاہدے کی پارلیمان سے منظوری نہ ہونے کو وزیراعظم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے، اس معاہدے پر ووٹنگ ابتدائی طور پر دسمبر میں ہونا تھی تاہم وزیراعظم ٹریزامے نے اس وقت بھی شکست کو بھانپتے ہوئے اسے ملتوی کر دیا تھا۔