پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو الیکشن کے روز ملک میں کہیں بھی انٹر نیٹ سروس بند نہیں ہو گی۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان الیکشن کے روز انٹرنیٹ بند نہیں کرے گی، الیکشن کے روز صارفین کو انٹرنیٹ کی مکمل سہولت میسر ہو گی، حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے کسی قسم کی ہدایات نہیں ملی ہیں۔خیال رہے
کہ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بہت زیادہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ 8 فروری کو الیکشن کے روز انٹرنیٹ بند رہے گا جس کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے بھی احکامات جاری کیے تھے کہ الیکشن کے روز ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بلا تعطل فراہم کی جائے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد عباسی نے ملک میں بار بار انٹرنیٹ سروس کی بندش اور تعطل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا انٹرنیٹ نہیں چلتا تو کہیں اور کیا چلتا ہوگا، لگتا ہے الیکشن کے بعد ٹھیک ہوجائے گا۔