پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کے موقع پر ملک بھر میں معطل موبائل فون سروس کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے تاہم پولنگ شروع ہونے سے قبل ملک بھر میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے جس سے پولنگ کا عمل بھی متاثر ہوا ہے جب کہ سیاسی رہنما حکومت کے اقدام پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
اب اس حوالے سے پی پی چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا اہم بیان سامنے آیا ہے اور انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کیے گئے اپنے ٹویٹ میں ملک بھر میں بند کی گئی موبائل فون سروس فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
بلاول بھٹو کا اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے موبائل فون کی بندش پر پارٹی کو الیکشن کمیشن اور عدالتوں سے رجوع کرنے کو کہا ہے۔