پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ عمران خان کوئی مجرم نہیں ہے، صدر پاکستان فی الفور عمران خان کو رہائی کے احکامات جاری کریں۔
پاک الرٹزنیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو ووٹوں کی گنتی کے دوران باہر نکال دیا گیا، الیکشن میں تحریک انصاف کو ہاتھ پاؤں باندھ کر میدان جنگ میں اتارا گیا۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ آفرین ہے عوام نے انھیں چاروں شانے چت کیا، الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ عوام کا اختیار ہے کہ وہ اسمبلی میں اپنے نمائندوں کو بھیجے، آرٹیکل 5 عوام کے ساتھ وفاداری کا کہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کی تابعداری عسکری قیادت، عدلیہ سب پر لازمی ہے، 25 کروڑ عوام کے سامنے مقدمہ پیش کیا تو عوام نے اعتماد کا اظہار کیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کے بغیر پاکستان کی جمہوریت نہیں چل سکتی ہے، عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ عمران خان کوئی مجرم نہیں ہے، صدر پاکستان فی الفور عمران خان کو رہائی کے احکامات جاری کرے۔