صدر پاکستان آصف علی زرداری نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ یقین ہے کہ ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کو عبور کر لیں گے۔
یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری کی یاد منا رہے ہیں، 23 مارچ 1940 کو ہماری عزیر قوم اور ایک آزاد وطن کی تعمیرکی بنیاد رکھی گئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئیے آج ہم اپنےگزشتہ سفر پر غور کریں، اپنی کامیابیوں کا جشن منائیں، ایک خوشحال اور متحد پاکستان کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں، 1940 کی قرارداد پاکستان ہماری تاریخ میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے، اس قرارداد سے 14 اگست 1947 کوپاکستان کے قیام کا راستہ ہموار ہوا، قائداعظم اور ساتھیوں نے علامہ اقبال کے خواب کو حقیقت میں ڈھالنے کیلئے انتھک محنت کی، آج کے دن ہم ان کےعزم اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آزادی سے لے کر اب تک کے سفر میں ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ہماری مسلح افواج، سول انتظامیہ اور پولیس نے قوم کی سلامتی اور خودمختاری کویقینی بنایا۔