خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کے لیے معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔
خصوصی ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زیڈ اے) اورخیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (کے پی آئی ٹی بی) نے پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کے لیے 8بلین روپے کی مالیت کے زون ڈویلپمنٹ معاہدے پر دستخط کیے۔
اس سے قبل نیسپاک اورنیشنل لاجسٹک سیل کی زیر نگرانی ڈیجیٹل سٹی میں 1642ملین روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے جو خیبرپختونخوا کے دوررس آئی ٹی ویژن کی عکاسی کرتی ہے۔
پاکستان ڈیجیٹل سٹی منصوبے کا تقریبا 30فیصدکام مکمل ہوچکا ہے جوخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے،ہری پور میں جاری یہ منصوبہ 11ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے جو 2026 میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔
یہ منصوبہ خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا خصوصی ٹیکنالوجی زون ہوگاجس کے تحت 4ہزارتک آئی ٹی سٹارٹ اپس قائم ہوسکیں گے اور آئی ٹی برآمدات میں 50ملین ڈالر تک اضافہ ہوگا۔