محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور مختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔ دوسری جانب کراچی یکم جون تک ہیٹ ویو کے باعث شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کی توقع ہے، مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مری،گلیات اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے،چکوال، راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کوہستان، سوات، چترال، ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا، بلوچستان کے بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
لاہور میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری رہنے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 31 فیصد رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں یکم جون تک آندھی، طوفان اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی یکم جون تک ہیٹ ویو کے باعث شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،شہرِ قائد میں اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے،کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے ہوائیں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےچل رہی ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں موجود ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔