وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا ہمیشہ ساتھ نبھاتا ہے، جیسے ایک بھائی دوسرے بھائی کا ساتھ دیتا ہے۔ چین کی پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی ہے، ہم ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہیں اور ہم ایک خاندان کی طرح گفتگو کرتے ہیں۔ چین پاکستان کا ایک ایسا دوست ہے جس کی کوئی دوسری نظیر نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کا تعلق ایک ہمسایے کا ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا غیر مشروط ساتھ دیا، چاہیے طوفان، جنگ اور مشکلات آئیں چین نے بھائیوں کی طرح ساتھ نبھایا، تمام معاملات میں پاکستان چین کے ساتھ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے گزشتہ دور میں چین کیساتھ پاکستان کی دوستی اور تعلق نئے دور میں داخل ہوئے، چین پاکستان کا ایسا دوست ہے جس کی مثال ملنا مشکل ہے، چین کےساتھ پاکستان کا تعلق 75سال پر محیط ہے، سی پیک کے ذریعے پاکستان میں 145ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نئے باب کے آغاز سے پاکستان میں بجلی کے اندھیرے چھٹ گئے، میرا یہ دورہ دونوں ملکوں کی دوستی کی ایک اور اونچی سمت متعین کرے گا، اس دورے میں سی پیک کو نئے دور میں داخل کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز ٹو میں صنعتوں کے قیام اور حکومت سے حکومت کے درمیان بڑے منصوبوں پر مربوط غور ہوگا، دورے کے دوران بزنس ٹو بزنس روابط میں بہتری لانے کیلئے بات چیت ہوگی، چین کے صدر شی جن پنگ ایک ویژنری رہنما ہیں، تائیوان کو پاکستان چین کا ٹوٹ انگ سمجھتا ہے۔