محکمہ موسمیات نے پنجاب اورخیبر پختونخوا سمیت ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں آج سے 7 جون تک گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کردی
ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہوگیا, جس سے مختلف حصوں میں 7 جون تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نےلاہور، سیالکوٹ، اوکاڑہ، شیخوپورہ، فیصل آباد سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں آندھی آنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 7جون تک راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال جہلم میں بارش متوقع ہے, بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ اور زیارت میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی جبکہ سندھ کے علاقوں سکھر، لاڑکانہ اور کشمور میں بھی بادل برسیں گے اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش کی توقع ہے
دوسری جانب مغربی سسٹم کے اثرات کی وجہ سے کراچی میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور مطلع جزوی ابر آلود ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت 28 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
گرمی کی شدت 33 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا مطلع جزوی ابر آلود جبکہ گرمی کی شدت میں معمولی کمی،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ،زیادہ سے زیادہ 41ڈگری تک جانے کا امکان ہے،شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا،ا ئیر کوالیٹی انڈیکس کے مطابق آلودگی کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہےمجموعی شرح 163ریکارڈ جس کے بعد عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور دوسرے نمبر پر آ گیا۔
اس کے علاوہ اسید مراتب علی روڈ 170،شاہراہ قائداعظم پر آلودگی کی شرح 170ریکارڈ،فدا حسین روڈ 174 اور یو ایس قونصلیٹ میں آلودگی کی شرح 174ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ وادی نیلم میں وقفے وقفے سے گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی ہیڈ کوارٹر آٹھمقام، سیاحتی مقام کیرن، اپر نیلم، شاردہ اور کیل میں بارش سے موسم ٹھنڈا ہو گیا ہے، بارش کی وجہ سے ندی نالوں کے پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔