ایک طرف مہنگائی کم ہونے اور برآمدات بڑھنے کی خوشخبریاں سنائی جارہی ہیں تو دوسری جانب بجلی کی قیمت مزید بڑھا کر عوام پر ایک اور بجلی گرادی گئی ہے،کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی 9 روپے 98 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔
نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق بجلی 9 ماہ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے،کے الیکٹرک صارفین سے جون تا ستمبر اضافی وصولیاں کی جائیں گی،نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کو جون میں 2 روپے 67 پیسے فی یونٹ اضافی دینا ہوں گے جبکہ جولائی میں 3 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافی ادائیگی کرنا ہوگی،کے الیکٹرک صارفین کو اگست میں 3 روپے 22 پیسے فی یونٹ اضافی دینا ہوں گے جبکہ ستمبر میں 99 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
صارفین سےاضافی وصولیاں جون تا اگست 2024 میں کی جائیں گی، اضافہ رواں مالی سال کی تیسری سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں کیا گیا ہے.
اب ایسے حالات میں جہاں مڈل کلاس طبقہ بنیادی ضروریات کو پورا کرنے میں لگا ہوا ہے وہ بجلی کا اضافی بوجھ کیسے برداشت کرے گا،مڈل کلا س طبقے کی مشکلیں کم کرنے کی بجائے اُس کی جیب پر بے پناہ بوجھ ڈالا جارہا ہے جو کہ کسی صورت مناسب عمل نہیں ۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت کون کون سی چیزوں کو سستا کرکے کون کون سی چیزوں کو مہنگا کرتی ہے۔
خیال رہے کہ کے الیکٹرک نے اکتوبر 2023ء تا مارچ 2024ء کے لیے درخواست دی تھی۔