ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے اختتام پر ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان ہو گیا تاہم حیران کن طور پر اس میں رنر اپ جنوبی افریقہ کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔
امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا گیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 بھارت کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ میگا ایونٹ کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے جس میں حیران کن طور پر فائنل کھیل کر رنر اپ رہنے والی ٹیم جنوبی افریقہ کا کوئی کرکٹر شامل نہیں ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جس فائنل الیون کا اعلان کیا گیا ہے اس میں ٹورنامنٹ کی چیمپئن ٹیم بھارت کے 6، بڑی ٹیموں کو ہرا کر سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیم افغانستان کے 3 جب کہ سپر ایٹ مرحلہ کھیلنے والی میزبان ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کا ایک ایک کھلاڑی شامل کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کی قیادت کا تاج میگا ایونٹ میں بھارت کی کپتانی کرنے والے روہت شرما کے سر پر سجایا ہے۔
ٹیم میں بھارت کے سوریا کمار یادیو، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، جسپریت بمرا اور ارشدیپ سنگھ شامل کیے گئے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے ٹاپ اسکورر اور افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز، فضل حق فاروقی اور افغان کپتان راشد خان بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔
ویسٹ انڈیز کو اپنی کارکردگی سے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچانے والے نکولس پوران اور آسٹریلیا کے مارکوس اسٹوئنس بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ الیون میں شامل ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کے بولر اینرخ نورکیا کو ٹیم کا بارھواں کھلاڑی رکھا گیا ہے۔
آئی سی سی کی اس ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل کھیلنے والی انگلینڈ کا بھی کوئی کھلاڑی شامل نہیں کیا گیا ہے جب کہ پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا سے بھی کوئی جگہ نہیں بنا سکا ہے۔