سندھ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ملک میں کچھ بھی ہونے والا نہیں۔ سسٹم بھی چلتا رہے گا اور حکومت بھی۔
ٹاور سے ہاکس بے تک پیپلز بس سروس کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ عوام سکون سے رہیں۔ مایوسی پھیلا کر کوئی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں وہ ریلیف بھی دیا گیا جو مانگا نہیں گیا تھا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور گرمی کے ستائے ہوئے لوگوں کو ایئر کنڈیشنڈ بسوں کا تحفہ دیا جارہا ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا یہی عزم ہے۔ کام کرکے بات کرنی ہے۔ لوگوں کو انتشار میں ڈال کر بات نہیں کرنی۔ کچھ لوگ مایوسی پھیلانے کے درپے ہیں۔
سندھ کابینہ کے رکن کا کہنا تھا کہ یہاں صرف بیانیے ترتیب دیے جارہے ہیں، کام نہیں ہو رہا۔ یہ ملک ہم سب کا ہے۔ ہم سب کو مل کر اِسے درست کرنے کا تہیہ کرنا ہے۔ سب کو آئین اور قانون کے مطابق چلنا ہوگا۔
شرجیل میمن کہنا ہے کہ کوئی کہے کہ میں مقبول ہوں اور مجھے سو خون معاف ہیں تو ایسے شخص کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ ایک شخص نے قانون توڑا، ملک میں آگ لگائی۔ قانون سے کوئی بالا نہیں۔ مقبول ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ اداروں کے خلاف سازشیں کی جائیں۔ پی ٹی آئی نے اپنے مقدمات پر 8 سال تک حکمِ امتناع لیا۔