انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 7 ستمبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی اور دیگر کے خلاف توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی۔
اے ٹی سی جج طاہر عباس سِپرا نے جیل حکام کو ویڈیو لنک پیشی کے انتظامات کرنے کا حکم دے دیا۔
جج طاہر عباس سِپرا نے سوال کیا کہ کیا شاہ محمود قریشی سزا یافتہ قیدی ہیں؟ کون سی جیل میں ہیں؟
پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ شاہ محمود قریشی سزا یافتہ نہیں، لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔
جج نے کہا کہ ملزمان کو ویڈیو لنک کے ذریعے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی و دیگر کارکنان کے خلاف تھانہ کھنہ میں 2 مقدمات درج ہیں۔