تہران: ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف، میجر جنرل باقری، نے کہا ہے کہ ایران اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا انتقام لینے کے مختلف طریقوں پر غور کر رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اپنے عمل کی قیمت چکانی ہوگی اور بدلہ ضرور لیا جائے گا۔
میجر جنرل باقری نے کہا کہ کئی اقدامات کیے جانے چاہئیں، اسرائیل کوپچھتانا پڑےگا، اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے فوراً بعد ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیل پر براہ راست حملے کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو ایرانی دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔
غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اسماعیل ہنیہ کی بہن، بیٹے، پوتے پوتیوں سمیت ان کے خاندان کے کئی افراد شہید ہو چکے ہیں۔