اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے نئے سربراہ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق حماس نے مختصر بیان میں کہا کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کمانڈر یحیٰی سنوار کو تحریک کے سیاسی بیورو کے سربراہ کے طور پرمنتخب کیا ہے
حماس نے کہا کہ شہید کمانڈر اسماعیل ہنیہ کے جانشین کے طور پر اللہ ان کی حفاظت فرمائے۔
حماس کے بنیادی تنظیمی نظام کے مطابق پچاس ارکان پر مشتمل شوری بشمول ارکان پولٹ بیورو نئے سربراہ کا چناؤ کرتے ہیں۔
یحییٰ سنوار کون ہیں؟
یحییٰ سنوار اس سے قبل غزہ میں حماس کی سربراہی کررہے تھے، انہوں نے 20 سال سے زیادہ عرصہ اسرائیل کی قید میں گزارا جہاں انہوں نے عبرانی زبان سیکھی اور اپنے مخالفین کے بارے میں گہری سمجھ حاصل کرنے کے لیے اسرائیلی میڈیا کا مطالعہ کیا۔
وہ حماس کے ساتھ ابتدائی دنوں سے ہی وابستہ رہے ہیں اور تنظیم کے شریک بانی احمد یاسین اور محمود الزہر کے قریب تھے۔
جیل سے رہائی کے بعد سنوار نے حماس کی داخلی سلامتی کی شاخ مجد فورس کی قیادت کی جو مشتبہ اسرائیلی مخبروں کی شناخت اور انہیں ختم کرنے پر مرکوز ہے۔