پی ٹی اے (پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی) نے غیر قانونی سمز بلاک کرنے کا بڑا فیصلہ کرلیا۔
پی ٹی اے نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ منسوخ شدہ شناختی کارڈز، ایکسپائرڈ شناختی کارڈز اور فوت شدگان کے ناموں پر جاری سمز بلاک کردی جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق منسوخ شدہ شناختی کارڈز پر جاری سمز 16 اگست کو ایکسپائرڈ شناختی کارڈ پر جاری سمز دو ستمبر اور فوت شدگان کی موبائل سمز 15 اکتوبر کو بند کردی جائیں گی۔
پی ٹی اے کے مطابق شناختی کارڈ جو 2017ء سے زائد المیعاد ہوچکے ہیں ان پر جاری سمز بھی بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صارفین کو اپنے شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے دو ستمبر تک مہلت دی گئی ہے، زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری سمز دو ستمبر کو بلاک کردی جائیں گی۔
اسی طرح فوت شدگان کے قومی شناختی کارڈز پر فعال سمز 15 اکتوبر کو بلاک کردی جائیں گی، پی ٹی اے نے بلاک کی جانے والی سمز پر انہیں بلاک کرنے کا الرٹ بھجوا دیا ہے، فوت شدگان کی سمز کو ان کے قریبی رشتہ دار اپنے نام پر ٹرانسفر کراسکیں گے، سم اپنے نام ٹرانسفر کرانے کے لیے انہیں اصل ڈیتھ سر ٹیفکیٹ اور رشتہ داری کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔
دریں اثناء پی ٹی اے نے نادرا سے زائد المیعاد شناختی کارڈز، منسوخ شدہ شناختی کارڈز اور فوت شدگان کے شناختی کارڈز کا ڈیٹا طلب کرلیا۔