14اگست کی شام یا رات سے 18 اگست کے دوران ملک میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب، بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک پر اثر انداز ہوں گی جن کے باعث اسلام آباد، پنجاب،سندھ،خیبر پختونخوا، بلوچستان،گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر موسلادھار بار شیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 15 اگست کی شام یا رات سے 18اگست کے دوران سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے 15 اگست سے بلوچستان کے 16 اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے نئے اسپیل کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے 15سے 18 اگست کے دوران خضدار، لسبیلہ،آواران، قلات، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، مستونگ، سبی، شیرانی، کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور چند مقا مات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بارکھان اور قلات میں 6،6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
علاوہ ازیں پیر کو نوکنڈی میں سب سے زیادہ گرمی پڑی اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔