وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعلی کے پی کا افغانستان سے براہ راست مذاکرات کرنے کا اعلان وفاق پر حملہ ہے۔
خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اراکین جو گرفتار ہوئے تھے وہ پروڈکشن آرڈر پر آئے ہیں، اسپیکر نے ایک ایسی روایت کا آغاز کیا ہے جو قابل تحسین ہے، یہ ماحول بن گیا ہے اگر اپوزیشن کا کوئی ممبر حکومتی ممبر سے ملے تو بڑا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے، برداشت کا لیول بہت کم ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے پی نے افغانستان سے براہ راست مذاکرات کا اعلان کیا ہے، یہ وفاق پر براہ راست حملہ ہے، کوئی صوبہ کسی ملک سے براہ راست مذاکرات نہیں کرسکتا، یہ زہر قاتل ہے جس پر وہ خود چل رہے ہیں اور اپنی پارٹی کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایوان چلانا ہے جو روایات ایاز صادق نے طے کی ہیں ان پر عمل کیا جانا چاہیے، جو روایات اسد قیصر نے بنائیں وہ نہیں ہونی چاہئیں، ایک بار اسد قیصر کے گھر میٹنگ تھی باہر چار ایجنسیوں کے بندے بیٹھے ہوئے تھے، جتنی بھی میٹنگز ہوتی تھیں آئی ایس آئی باہر بیٹھی ہوتی تھی، ماضی کے جھروکوں میں جانا چاہیے کہ پی ٹی آئی کے دور میں کیا ہوتا رہا۔