جماعت اسلامی نے پیٹرول کی قیمت میں کم ازکم 50 روپے فی لیٹر کمی کا مطالبہ کر دیا۔
جماعت اسلامی سندھ نے پیٹرول قیمتوں میں معمولی کمی کو ناکافی اور کم از کم 50 روپے فی لیٹر کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور روزمرہ کی چیزوں کی قیمتوں میں کمی لا کر پیٹرول قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔
جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مہنگی بجلی اورظالمانہ ٹیکسزکے نفاذ سے پہلے ہی عوام کا زندہ رہنا دوبھر بنادیا گیا ہے۔
عالمی منڈیوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی اوریہاں بھی چارمرتبہ معمولی کمی کے باوجود اس کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچایا جارہا ہے۔مقامی انتظامی مشینری بھی عوام کی دادرسی نہیں کررہی ہے جس کا جہاں بس چل رہا ہے وہ عوام کو لوٹ رہا ہے۔
جب پیٹرول کی قیمت میں معمولی اضافہ بھی ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹ مافیا اور تاجر قیمتوں وکرایوں کو آسمان پرلے جاتے ہیں مگر جب قیمتیں کم ہوتی ہیں تو یہ اس پرعملدرآمد کے لیے تیار نہیں ہوتے۔
انہوں مطالبہ کیا کہ حکومت پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرکے مافیاز کو لگام اور پٹرول قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچانے کے لیے کرپشن فری اور نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں تاکہ مہنگائی میں کمی ہو اورعوام سکھ کا سانس لے سکیں۔