ممبئی :بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور سیاستدان متھن چکرورتی کی پہلی اہلیہ، ہلینا لیوک، امریکا میں 68 برس کی عمر میں وفات پا گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلینا لیوک کا انتقال 3 نومبر کو امریکہ میں ہوا۔
اطلاعات کے مطابق ہلینا لیوک طویل عرصے سے بیمار تھیں۔
ہیلینا لیوک کی موت کی تصدیق مشہور ڈانسر و اداکار کاپانا آئیر نے سوشل میڈیا کے ذریعے کی۔
متھن اور ہلینا کی شادی 1979 میں ہوئی تھی، لیکن چار ماہ بعد ہی یہ رشتہ ختم ہوگیا، اور انہوں نے طلاق لے لی۔ بعد میں متھن نے اداکارہ یوگیتا بالی سے شادی کی۔
ہلینا کو امیتابھ بچن کی فلم مرد میں برطانوی ملکہ کا کردار ادا کرنے کی وجہ سے خوب شہرت ملی۔ اس کے علاوہ انہوں نے دو گلاب، آؤ پیار کریں اور بھائی آخر بھائی ہوتا ہے جیسی فلموں میں بھی کام کیا۔
ایک پرانے انٹرویو میں ہلینا نے متھن سے شادی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ متھن نے ان کے ذہن میں یہ تاثر بٹھایا تھا کہ وہی ان کے لیے بہترین ہیں، اور یہ ان کی بدقسمتی تھی کہ انہوں نے اس بات کو قبول کر لیا۔