نیویارک: امریکی صدارتی انتخاب میں ری پبلکن کے امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ان کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی دولت میں فوری طور پر حیران کن اضافہ ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی جیت کا اعلان کرنے کے بعد ایلون مسک کو امریکا کا سٹار قرار دیا تھا، جنہوں نے انتخابی مہم کے دوران ناصرف انہیں مالی مدد فراہم کی تھی بلکہ ان کے لیے خود انتخابی مہم بھی چلائی تھی۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے دنیا کے امیر ترین شخصیت ایلون مسک مزید امیر ہو گئے ہیں، ان کی دولت میں صرف ایک دن میں 26.5 ارب ڈالرز (73 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کا اضافہ ہوا ہے۔
ایلون مسک امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے پُرجوش حامی کے طور پر سامنے آئے، انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز عطیہ کیے جبکہ سیاسی ریلیوں میں بھی شرکت کی۔