سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 4 روزہ عالمی دفاعی نمائش انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) 2024 کا آغاز ہوگیا۔
4 روزہ عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے پہلے روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نمائش میں شریک تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، پاکستان دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اپنا منفرد کردار ادا کررہا ہے، نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اہم امور پر غور ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے۔
علاقائی امن اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔
سال 2000 میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) کا آغاز کیا گیا اور تب سے اب تک اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہورہا ہے۔
ملک کی سب سے بڑی دفاعی نمائش کی میزبانی کے لیے ایک بار پھر کراچی کا انتخاب کیا گیا ہے اور 12ویں آئیڈیاز 19 سے 22 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے جو خطے میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کا سب سے بڑا فورم بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ دفاعی نمائش کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے کراچی میں 4 روز کے لیے ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیے شاہراہ فیصل اور کارساز کے اطراف تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم آج نمائش کے پہلے روز صبح کے اوقات میں ان علاقوں میں شدید ٹریفک جام دیکھا گیا جس کے باعث تعلیمی اداروں اور دفاتر جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔