عالمی شہرت یافتہ مقبول انڈین موسیقار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کے درمیان شادی کے 29 برس بعد علیحدگی پر موسیقار نے بھی ردعمل دے دیا۔
سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اے آر رحمان نے لکھا کہ انہیں اپنی اہلیہ کے ساتھ 30 سال گزارنے کی امید تھی لیکن یوں لگتا ہے کہ تمام چیزوں کا ایک انجام ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹوٹے ہوئے دلوں کے بوجھ سے تو خدا کا تخت بھی کانپ سکتا ہے پھر بھی اس ٹوٹ پھوٹ میں ہم معنی تلاش کرتے ہیں اگرچہ وہ ٹکڑے اپنی جگہ جڑ نہیں پاتے۔ انہوں نے اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشکل وقت میں ان سے ہمدردی کی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی پرائیویسی کا خیال رکھا۔
اےآر رحمان کے بچوں نے بھی صارفین سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ ہمیں بہت خوشی ہوگی اگر اس معاملے کو احترام اور رازداری کے ساتھ رکھا جائے۔ ہمیں سمجھنے کے لیے آپ سب کا بہت شکریہ۔
واضح رہے کہ بھارت کے معروف موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے اے آر رحمان اور سائرہ کی علیحدگی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ کئی سالوں کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں پیچیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ایک دوسرے سے گہری محبت کے باوجود جوڑے نے محسوس کیا ہے کہ تناؤ اور مشکلات نے اُن کے درمیان وسیع خلیج پیدا کر دی ہے، جسے اس وقت کسی فریق کے لیے ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان نے 12 مارچ 1995 کو سائرہ بانو سے شادی کی تھی، جوڑے کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹیاں خدیجہ اور رحیمہ جبکہ ایک بیٹا امین شامل ہیں۔