بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار نے کہا کہ وہ بالی ووڈ میں کسی اور مقصد کے لئے نہیں بلکہ پیسے کمانے کے لئے آئے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کا اپنے ماضی سے متعلق کہنا تھا کہ انہوں نے فلم نگری میں قدم رکھنے سے قبل بینکاک میں پانچ سال مارشل آرٹ کی تربیت لی اور ممبئی آکر ماشل آرٹ اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا۔
اکشے کمار نے کہا کہ میں اپنے ارادے کے مطابق ممبئی میں اسکول کھولنے میں کامیاب ہوگیا جہاں میں بچوں کو مارشل آرٹ سکھا کر ماہانہ پانچ ہزار روپے کمایا کرتا تھا لیکن ایک بار مجھے کسی نے ماڈلنگ کرنے کا کہا تو میں نے ہامی بھرتے ہوئے فرنیچر شوروم کے لئے ماڈلنگ کی جس کے مجھے صرف دو گھنٹے کے 21 ہزار روپے ملے۔
ایکشن ہیرو نے کہا کہ سچ کہوں تو اتنے پیسے ملنے کے بعد میرا نظریہ خاصا تبدیل سا ہو گیا تھا کیوں کہ پیسہ ہی تھا جو مجھے انڈسٹری کی جانب لیکر آیا۔
اکشے کمار نے کہا کہ میں نے اپنے فلمی کیریئر میں 135 سے 140 فلمیں کی لیکن ابتدا میں صرف ایکشن فلمیں کرنے کو ہی ترجیح دی کیوں کہ یہ اُس وقت کی ضرورت تھی لیکن گزرتے وقت کے ساتھ میں مزاحیہ اور رومانوی فلمیں بھی کرنے لگا۔