کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر ہونے والا حملہ ناکام بنادیا گیا ہے،فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا ہے۔ دوسری جانب تین حملہ آور بھی مارے گئے، جن کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جائے حادثے پر موجود ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ ایک گاڑی کو تحویل میں لیا ہے،جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ کارروائی کے دوران تین دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق دہشتگردوں سے دو خودکش جیکٹس بھی برآمد ہوئیں، جبکہ ایک شخص کو زخمی حالت میں عمارت سے نکال لیا گیا ہے، انہوں نے کہا چینی قونصلیٹ کو کلیئر کرانے کے لیے آپریشن جاری ہے، چینی قونصل خانے میں معمول کے مطابق 50 سے زائد لوگ ہوتے ہیں۔پولیس چیف امیر شیخ کا کہنا ہے علاقے کو کلیئر کیا جا رہا ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ سرچنگ میں مصروف ہے، گاڑی میں سوار 4 دہشتگردوں نے حملہ کیا، 3 دہشتگرد مارے گئے۔ چینی قونصل جنرل سمیت تمام عملہ محفوظ رہا۔
ہسپتال حکام کا کہنا ہے جناح ہسپتال میں 2 لاشیں اور ایک زخمی لایا گیا، جاں بحق اہلکاروں میں اے ایس آئی شامل ہے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے جاں بحق اہلکاروں کی اشرف اور محمد خالد کے نام سے شناخت ہوئی، 2 مزید لاشیں لائی گئیں ہیں، تاحال ان کی شناخت نہیں ہوئی، ایک زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔