چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ جو کہتے ہیں کہ دریائے سندھ پر ڈیم نہیں بننےدیں گے، ڈیم کی تعمیر سے کوئی نہیں روک سکتا، ڈیم کیوں نہیں بنے، غفلت کس نے کی، اب دریائے سندھ پر بیسیوں ڈیم بنیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس ثاقب نثار نے لندن میں ڈیم کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ آپ ایسے معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں کرپشن کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جاتا، حکمرانوں کا بھی محاسبہ ہوتا ہے، لوگوں کو انصاف کے لیے کئی کئی سال عدالتوں میں ٹھو کریں نہیں کھانی پڑتیں، صحت اور تعلیم کی سہولیات بھی میسر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ملک سے بے لوث محبت کرنے والے لوگوں کی اتنی بڑی تعداد جمع ہے، ہمیں ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو پاکستان سے عشق کرتے ہوں، قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کے عاشق تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایسا خوش حال پاکستان بنانا ہے جہاں کرپشن کرنے والوں کا محاسبہ ہو، لوگوں کو فوری انصاف ملے، تعلیم اور صحت کی سہولتیں ہوں، کوئی سیاسی مقصد نہیں، عہدے سے فارغ ہو کر واحد مقصد انسانیت کی فلاح ہوگا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ان کا کوئی سیاسی مقصد نہیں، جب بھی اللہ نے عہدے سے رخصت کیا، صرف فلاح انسانیت ہی کا کام کریں گے۔