وزیراعظم عمران خان آج چار نئی ٹرینوں کا افتتاح کریں گے۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ 100 دن کے ٹارگٹ میں 10 ٹرینیں چلانے کا ہدف پورا کرلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج چار نئی ٹرینوں کا افتتاح کریں گے جن میں سندھ ایکسپریس، شاہ عبداللطیف بھٹائی ایکسپریس، فیصل آباد ایکسپریس کی ملتان تک توسیع اور رحمان بابا ایکسپریس شامل ہیں۔ترجمان ریلوے کے مطابق سو دن کے ٹارگٹ میں دس ٹرینیں چلانے کا ہدف پورا کرلیں گے۔ سندھ ایکسپریس کراچی سے سکھر چلائی جائے گی،۔شاہ عبداللطیف بھٹائی ایکسپریس کراچی سے میرپور خاص چلے گی، جبکہ رحمان بابا ایکسپریس پشاور سے کراچی چلائی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان ریلوے نے 24 نومبر سے تین نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا اور نئی ٹرینیں چلانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ جس کے مطابق سندھ ایکسپریس کراچی سے صبح ساڑھے ساڑھے آٹھ بجے سکھر کیلئے روانہ ہوگی اور سکھر سے صبح گیارہ بجے کراچی کیلئے روانہ ہوگی۔کراچی سے چلنے والی دھابیجی شٹل کا روٹ میرپورخاص تک بڑھا دیا گیا ہے۔ 24 نومبر سے دھابیجی شٹل کو دھابیجی سے میرپورخاص کے درمیان چلایا جائے گا۔ دھابیجی ایکسپریس کو شاہ لطیف ایکسپریس کے نام سے چلایا جائے گا۔