کراچی میں چینی قونصل خانے پر ہونے والے حملے کے تانے بانے بھارت سے ملنے لگے،چینی قونصلیٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کا بھارتی اسپتال میں زیر علاج ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق چینی قونصلیٹ پر حملے کا ماسٹر مائنڈ کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی( بی ایل اے) کا کمانڈر اسلم اچھو اس وقت بھارتی دارالحکومت دہلی کے میکس اسپتال میں زیر علاج ہے، جو مبینہ طور پر چینی قونصل خانے کا ماسٹر مائنڈ بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلم اچھو سیکیورٹی فورسز کے ساتھ اٹھارہ ماہ قبل سبی میں ہونے والے مقابلے میں زخمی ہوا تھا اور موقع سے فرار ہوگیا تھا جب کہ اس آپریشن میں بی ایل اے کے کئی کارندے مارے گئے تھے، اسلم اچھو کی دہلی کے اسپتال میں زیر علاج ہونے کی تصویر بھی منظر عام پر آگئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر ہونے والا حملہ ناکام بنادیا گیا تھا، فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا تھا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین حملہ آوروں کو ہلاک کردیا تھا، جن کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا۔