غلط انجکشن لگنے سے دماغی طور پر مفلوج ہونے والی کمسن بچی نشویٰ انتقال کرگئی۔
کراچی کے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیر علاج کمسن بچی نشویٰ چل بسی جب کہ اسپتال کے ترجمان نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بچی کا دماغ 71 فیصد مفلوج ہو چکا تھا۔
نشویٰ کو 6 اپریل کو گلستان جوہر کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں غلط انجکشن لگنے سے وہ دماغی طور پر مفلوج ہوگئی تھی۔
غلط انجکشن کا معاملہ سامنے آنے کے بعد بچی کو 13 اپریل کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نشویٰ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، اس سے قبل انہوں نے اسپتال جا کر نشویٰ کی عیادت بھی کی تھی۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ نشویٰ کے بیرون ملک علاج کے لیے پلان بنایا تھا، دعا ہے اللہ پاک بچی کے والدین کو صبر عطا فرمائے، نشویٰ کے والدین کے ساتھ انصاف ہوگا۔