لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فائرنگ سے 2 شخص جاں بحق ہوگئے۔
لاہور ایئرپورٹ میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، مقتولین زین اور اکرم عمرے کی ادائیگی کے بعد واپس آئے تھے، اور پیپلزپارٹی کے رہنما بابر بٹ کےقتل مقدمہ میں نامزد تھے۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے مطابق واقعہ انٹرنیشنل لاؤنج میں پیش آیا،مقتولین کی شناخت زین اور اکرم کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت عنصر ہے، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے دونوں حملہ آوروں کوگرفتار کرلیا ہے۔
ایس پی کینٹ صفدر رضا کاظمی کا کہنا ہے کہ مقتول زین نفیس کے خلاف پیپلز پارٹی کے رہنما بابر بٹ کے قتل کا مقدمہ درج تھا۔ ان کے مطابق فائرنگ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔فائرنگ کے واقعے کے بعد رینجرز اہلکار ایئرپورٹ پہنچ گئے، ایئر پورٹ کے خارجی راستے بند کردیے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں کی چیکنگ جاری کی جارہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور ایئرپورٹ پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔