بڑی عید اور یوم آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں ۔ آل کراچی تاجراتحاد کے چیئرمین عتیق کا کہنا ہے کہ اس بار اہلیان کراچی کی جانب سے یوم آزادی پر23 سے 25 ارب کی خریداری کا امکان ہے۔
بڑی عید اور یوم آزادی کے ساتھ آنے سے کراچی والوں کیلئے عید کا مزا دوبالا ہوگیا ہے۔ ایک جانب قربانی کے جانوروں کی خریداری تو دوسری جانب جھنڈیاں، بیجز اور سبز و سفید رنگ کے ملبوسات کی خریداری بھی جاری ہے۔
آل کراچی تاجراتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا ہے کہ اس بار سنت ابراہیمی اوریوم آزادی کی دوایک ساتھ عیدیں ہیں جس پرقوم کاجذبہ دیدنی ہے۔ چیئرمین آل کراچی تاجراتحادنے کہا کہ اس بار پچھلے سالوں کی خریداری کے ریکارڈ ٹوٹتے دکھائی دیتے ہیں۔ امید ہے کہ کراچی والے یوم آزادی بھرپور انداز میں منانے کیلئے 23 سے 25 ارب روپے کی خریداری کریں گے ۔
عتیق میرنے مزید کہا کہ عموماً بڑی عید پر بازاروں میں خریداروں کا اتنا رش نہیں دیکھا جاتا مگر جشن آزاری کی وجہ سے مارکیٹیں خریداروں سے بھری ہوئی ہیں اورعوام دل کھول کرجشن آزادی کی خریداری میں مصروف ہیں۔