وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ اجلاس میں نو نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا جبکہ لائن آف کنٹرول پر بڑھتی کشیدگی، مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال اور بھارتی یک طرفہ اقدامات سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کشمیر پربلائے گئے اجلاس سے متعلق کابینہ کو آگاہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورتحال اور بھارتی یک طرفہ اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں کابینہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کشمیر پر بلائے گئے اجلاس کے بارے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نو نکاتی ایجنڈے پر بھی غور کیا جائے گا۔ کرسچین افراد کی شادی اور طلاق سےمتعلق ترمیمی بل زیر بحث آئے گا جبکہ کابینہ گھریلو تشدد کی روک تھام سے متعلق قانون کی بھی منظوری دے گی۔
ذرائع کے مطابق پاک ترک اسٹریٹیجک اقتصادی فریم ورک کی منظوری بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہو گی۔ اجلاس میں عوامی اہمیت کے نئے منصوبوں پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے لیے پانچ ارب کے قرض جاری کرنے کی منظوری بھی متوقع ہے جبکہ وزارت مواصلات کی ایک سالہ کارکردگی پر بریفنگ بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہو گی۔