وزیراعظم عمران خان نے ملک میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوش گوار واقعات پر’’میرا بچہ الرٹ‘‘ کے نام سے ایپلی کیشن بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک میں بچوں کے ساتھ غیر اخلاقی اور ناخوش گوار واقعات کے کیسز کا مؤثر طریقے سے تدارک کرنے کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے’’میرا بچہ الرٹ‘‘ کے نام سے خصوصی ایپلی کیشن بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بچوں کے ساتھ غیر اخلاقی اور ناخوشگوار واقعات کے کیس کی تحقیقات میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، اس کامیابی کے نتیجے میں ایسے مکروہ فعل میں ملوث دیگر ملزمان تک پہنچنے میں مدد ملے گی، والدین کی جانب سے بچوں سے متعلقہ کئی ناخوش گوار واقعات کو معاشرتی و دیگر وجوہات کی بنا پر سامنے نہیں لایا جاتا اور موجودہ حکومت وہ تمام اقدامات اٹھائے گی جس سے معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے، ایسے مکروہ اور بھیانک جرائم میں ملوث افراد کو سخت ترین سزائیں دلوائی جا سکیں۔
’’میرا بچہ الرٹ‘‘ ایپلی کیشن دو ہفتوں میں تیار کرلی جائے گی اور کسی بھی بچے کی گمشدگی کی صورت میں اس ایپلی کیشن پر کوائف کے اندراج کی صورت میں تمام تفصیلات صوبوں کے آئی جیز اور دیگر سینئر افسران تک فوری طور پر پہنچ جائیں گی اور ’’میرا بچہ الرٹ‘‘ ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک ہوگی تاکہ کسی بھی واقعے میں بچے کی برآمدگی اور کیس میں پیش رفت پر نظر رکھی جا سکے۔