کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ شہر قائد میں آج اور کل بھی رم جھم کی پیشگوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی، کورنگی، ملیر، ایئرپورٹ، صدر، گلستان جوہر، گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہو گئی۔
محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج اور کل بھی رم جھم کی پیشگوئی کی ہے۔ چیف میٹرو لوجسٹ کراچی سردار سرفراز کا کہنا ہےکہ جمعے کی سہ پہر یا شام سے شہر میں بارش کی توقع ہے، مغربی سلسلے کی وجہ سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ اتوار کی صبح تک جاری رہ سکتا ہے اور شہر میں اگر یہ سلسلہ درمیانی بارشوں کا سبب بنا تو اس کے ذریعے 22 ملی میٹر کی بارشوں کی توقع ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوا ہے جس کی وجہ سے بدھ کی رات بلوچستان میں بارشیں ہوئیں۔
دوسری جانب کوئٹہ، کوہلو میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی ۔ادھر لاہور،گجرات، چونیاں، سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برس پڑے۔