قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی تک شہریوں کو رسائی دینے کا فیصلہ

اسپیکر قومی اسمبلی نے بڑا اہم قدم اٹھاتے ہوئے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی تک شہریوں کو رسائی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کی کارروائی عوام الناس کے لیے کھولنے کا اعلان کیا تھا، جس کا افتتاح آج اسپیکر اسد قیصر کریں گے۔ گیلری کے افتتاح کے بعد ہر شہری شناختی کارڈ کے ذریعے اسمبلی اجلاس کی کارروائی دیکھ سکے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ایوان کی کارروائی تک عام پاکستانی کو رسائی دینے کا مقصد یہ ہے کہ عوام کو منتخب نمائندوں سے رابطوں میں آسانی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایوان عوام کے ووٹوں سے وجود میں آیا، اس میں رسائی عوام کا حق ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ ایوان بالا اور ایوان زیریں عوام کے تمام حقوق کے ضامن ہیں،اس فیصلے پر عمل پیرا ہو کر عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔