وزیرصحت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹرز باز نہ آئے تو انہیں نوکریوں سے فارغ کردیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کا کہنا ہے کہ اب نئے بھرتی ڈاکٹر سول نہیں پبلک سرونٹس ہوں گے، اب عوام کومزید تکلیف کاشکارنہیں ہونے دیں گے، ہڑتالیوں سے درخواست ہے ہڑتال سے باز آجائیں، ذمے داروں کوشوکاز دیے ہیں، انھیں نوکریوں سے بھی فارغ کیا جائے گا۔
وزیرصحت نے کہا کہ گزشتہ 4،5 ماہ سے یہ سلسلہ جاری ہے، ان کو 40 کے قریب شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں جن کا اختتام ان کی برطرفی کی صورت میں نکل سکتا ہے جب کہ حکومت کمزورنہیں بلکہ ہم انھیں وقت دیتے رہے ہیں، ان کی ہڑتالوں میں 100، 150 سے زائد افراد نہیں ہوتے اور ہم عدالت پردباؤ نہیں ڈال رہے بلکہ عوام کے سامنے اپنی پوزیشن واضح کرنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیرصحت نے کہا کہ پکوڑوں والی بات پر شوکت یوسفزئی نے بھی وضاحت کی اور میں بھی معذرت کرتا ہوں لیکن وہ پکوڑے والے کرپٹ سیاستدانوں سے بہتر ہوتے ہیں۔
دوسری جانب وزیرقانون کے پی کا کہنا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو تسلیم کریں گے، یہاں ہوا میں باتیں ہورہی ہیں کسی نے ایکٹ نہیں پڑھا ہوا، وزرا کمیٹی نے ڈاکٹروں کے دومطالبات تسلیم کرلیے تھے اور اپوزیشن نے کسی قسم کی مخالفت نہیں کی۔