لاہور: احتساب عدالت نے چوہدری شوگرملزکیس میں مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 25 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔
احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی جب کہ مریم نواز شریف اور یوسف عباس کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
عدالت نے قومی احتساب بیورو کے وکیل کے استفسار کیا کہ ریفرنس کب تک دائر کیا جائے گا؟
وکیل نیب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور چئر مین نیب کی منظوری کے بعد دائر کر دیا جائے گا۔
عدالت نے مریم نواز شریف اور یوسف عباس کو دوبارہ 25 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے کر سماعت ملتوی کردی۔
قبل ازیں مریم نواز اور نوازشریف کے بھتیجے یوسف عباس نیب کی تحویل میں 48 روزہ جسمانی ریمانڈ کاٹ چکے ہیں۔ دونوں ملزمان آج ساتویں پیشی پر عدالت میں حاضر ہوئے تھے۔
نیب نے مریم نواز اور یوسف عباس کو 8 اگست کو گرفتار کیا تھا۔