وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قدرتی ماحول کا تحفط ہماری حکومت کی ترجیح ہے،ہم نے آنے والی نسلوں کااحساس کرکے فیصلے کرنے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ ساتویں ایشین ریجنل کنزرویشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی خوب صورتی اور وسائل سے مالا مال ملک ہے،شہروں میں رہنے والے پاکستان کی خوبصورتی نہیں دیکھ پاتے،
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ملی تو بلین ٹری منصوبہ شروع کیا، ماحولیاتی تحفظ کیلئے مقامی لوگوں کو شامل کیا، بلین ٹری منصوبے میں بڑی رکاوٹ ٹمبر مافیا تھا، ماضی میں ٹمبر مافیا کو حکومت کی سرپرستی حاصل رہی۔
عمران خان کا کہنا تھا ماحولیاتی تبدیلی کا مضمون نصاب میں شامل کر رہے ہیں، لاہور آلودہ ترین شہر بن چکا ہے، لاہور میں 70 فیصد درخت کاٹ دیئے گئے، ماحول سے متعلق تشویش رکھنے والے عظیم لوگ ہیں۔