وزیر اعظم عمران خان نے حکومت اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس آج شام طلب کرلیا ہے، اجلاس میں ترجمانوں کو فارن فنڈنگ کیس اور ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بارے میں حکومتی موقف سے آگاہ کیا جائے گا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کور کمیٹی کے بعد ترجمانوں کا اجلاس بھی طلب کیا ہے، اجلاس آج شام 6 بجے وزیر اعظم آفس میں ہوگا ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ترجمانوں کو ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی سے متعلق حکومتی موقف سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں اپوزیشن کے بیانیہ سے نمٹنے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ترجمانوں کے اجلاس میں حکومتی کارکردگی، معاشی کامیابیوں اور سیاسی امور پر بات ہوگی۔
اجلاس میں ترجمانوں کو کور کمیٹی کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا، واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گزشتہ روز کور کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا تھا۔