اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس ماہ رواں پاکستان کا چار روزہ دورہ کریں گے۔ ان کا دورہ 16 سے 19 فروری کے درمیانی عرصے میں ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
کانفرنس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے جب کہ کلیدی خطاب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قیام پاکستان کے دوران انتونیو گوتریس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا اور اراکین پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ہونے والی ملاقاتوں میں پاکستانی قیادت انہیں مسئلہ کشمیر اوربھارتی مظالم سے آگاہی دلائے گی۔ اس ضمن میں عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل کو پاکستان کے اصولی مؤقف کی بابت بھی بتایا جائے گا۔