امبانی خاندان کا بھارت میں دنیا کا سب سے بڑا چڑیا گھر بنانے کا اعلان

بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی نے گجرات میں دنیا کا سب سے بڑا چڑیا گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارب پتی تاجر مکیش امبانی نے ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں 280 ایکڑ پر محیط دنیا کا سب سے بڑا چڑیا گھر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس چڑیا گھر میں افریقی شیر، بنگال کے شیر اور کوموڈو ڈریگن سمیت بھارت اور دنیا بھر سے جانوروں، پرندوں اور رینگنے والے جانوروں کی 100 سے زائد اقسام ہوں گی۔

بھارت کے امیر ترین تاجر کا کہنا ہے کہ ’’گرین زولوجیکل ریسکیو اینڈ ری ہیبلیٹیشن کنگ ڈم‘‘ میں جانور محفوظ بھی رہیں گے اور یہاں بیمار یا معذور جانوروں کی بحالی کا کام بھی ہو گا۔

چڑیا گھر کے قیام اور انتظام کا کام ان کے 25 سالہ بیٹے اننت امبانی سنبھالیں گے۔

مکیش امبانی کے اس اعلان کے بعد ہی ان کے منصوبے کو تنقید کا سامنا ہے اور جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی مقامی افراد نے اس کی مذمت کی ہے۔

رواں برس جنوری میں مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز نے اپنے چڑیا گھر کے لیے اسرائیل کے دو جوڑے زیبرا کے بدلے گوہاٹی میں آسام اسٹیٹ چڑیا گھر سے دو نایاب سیاہ تیندووں کا معاہدہ کیا ہے۔